
واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر 2020 کے صدارتی انتخابات کے نتائج تبدیل کرنے کی کوششوں کی فرد جرم بھی عائد کردی گئی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف یہ تیسرا فوجداری مقدمہ ہے جس میں ان پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ محکمہ انصاف کی تحقیقات کے نتیجے میں عائد فرد جرم میں حکومت کے ساتھ دھوکہ دہی اور شہادتوں میں تبدیلی کی سازش کا الزام بھی شامل ہے۔ پراسیکیوٹرز کا الزام ہے کہ سابق صدر نے شہادت کو تبدیل کرنے، نقصان پہنچانے اور پوشیدہ رکھنے کی کوشش کی اور ایک اور شخص کو ایسا کرنے کے لیے ساتھ ملایا۔ ٹرمپ پر حقوق پامال کرنے کی سازش کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔ فرد جرم عائد کرنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکی قوم تنزلی کا شکار ہے۔ ٹرمپ 2024 کے صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے کی دوڑ میں بھی شامل ہیں۔


































