
سرینگر : مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پونچھ میں بھارتی فوج کے ٹرک پر حملے کے نتیجے میں کم از کم پانچ فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ بھارتی فوج کی جانب سے جاری اعلامیہ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ واقعہ راجوری سیکٹر میں پیش آیا جہاں فوجی ٹرک پر فائرنگ کے بعد اسے دستی بم سے نشانہ بنایا گیا جس سے اس میں آگ لگ گئی۔ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ پونچھ سیکٹر کے واقعے پر وہ انتہائی غم وغصے میں ہیں جس میں بہادر جوان اپنے جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔ وزیردفاع راج ناتھ سنگھ اور آرمی چیف جنرل منوج پانڈے کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں آرمی چیف نے وزیر دفاع کو واقعہ پر بریفنگ دی۔ جائے وقوع کی گردش کرتی ویڈیوز میں ایک فوجی گاڑی کو پہاڑی علاقے میں ہائی وے پر آگ کے شعلوں میں گھرا ہوا دکھایا گیا ہے۔ بھارتی فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔


































