
بغداد : عرب سربراہی اجلاس نے غزہ جنگ کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی تمام کوششوں کو واضح طور پر مسترد کردیا ہے۔ بغداد میں ہونیوالی 34 ویں عرب سربراہ کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیوگوتریس۔ یورپی یونین کےنمائندے اور اسپین کے وزیراعظم پیڈروسانچیز نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں فلسطینی مسئلہ کو بنیادی ایشو قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی برادری پرزور دیا گیا کہ غزہ میں جاری خون ریزی کو فوری طور پر بند کرائے اورمتاثرین کے لیے امداد کی بغیر کسی رکاوٹ فراہمی جاری رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ اعلان بغداد میں قاہرہ کے ہنگامی سربراہی اجلاس میں غزہ کی تعمیر نو کےلیے فنڈ کے قیام کےلیے اقدامات کا خیرمقدم کیا گیا۔ اور عالمی برادری سے غزہ کی تعمیر نو کیلئے فنڈز دینےکی اپیل بھی کی گئی ہے۔
اعلامیہ میں عرب امن اقدام و بین الاقوامی قرار دادوں کے مطابق دو ریاستی حل پر عملدرآمد کے لیے اقدامات کرنے کے مطالبہ کی حمایت کی گئی۔ یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ عملدرآمد تک اقوام متحدہ کی امن فوج کو تعینات کیا جائے۔


































