
بیروت : حزب اللہ نے عرب اسرائیل فوجی مشقوں کو بیت المقدس، فلسطین اور علاقے کی تمام اقوام کے قلب میں خنجر گھونپنے کے مترادف قرار دیا ہے۔ حزب اللہ کی مرکزی کونسل کے رکن نبیل قاووق نے صیہونی حکومت کے ساتھ بعض عرب ملکوں کی مشترکہ فوجی مشقوں پر کہا کہ اس قسم کی فوجی مشقیں، لبنان اور فلسطین کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت بڑھنے کا باعث بنیں گی۔ یہ فوجی مشقیں غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات برقرار کرنے والے حکمرانوں کی پیشانی پر کلنگ کا ٹیکہ ہوں گی۔شیخ قاووق نے کہا کہ تحریک مزاحمت کے پاس موجود ہتھیار، غاصب صیہونی دشمن کا مقابلہ کرنے کے لئے ہیں اور ان ہتھیاروں کا بہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔ صیہونی حکومت کے مقابلے میں حزب اللہ کی دفاعی و فوجی طاقت و توانائی میں مسلسل اضافہ ہوا ہے اور جنوبی لبنان، لبنانی فوج، قوم اور تحریک مزاحمت کے دفاع کی فرنٹ لائن ہے۔


































