
غزہ : اسرائیلی فوج نے غزہ میں شدید حملے کرکے چھیالیس بچوں سمیت سو سے زائد فلسطینی شہید اوردرجنوں زخمی کردئے۔ قتل عام کے بعد اسرائیل نے جنگ بندی پر دوبارہ عملدرآمد شروع کردیا۔
اسرائیلی فضائیہ اور توپ خانے نے غزہ میں شمال سے جنوب تک شدید بمباری کی ہے۔ فضائی حملے میں صابرہ۔ خان یونس اور غزہ سٹی میں مکانات۔ رہائشی عمارتوں اور پناہ گزینوں کے خیموں کو نشانہ بنایا گیا۔ محکمہ شہری دفاع نے کہا ہےکہ کئی افراد ملبے تلےدبے ہیں۔ جس سے شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ تیس سے زائد کمانڈر سطح کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ کسی بھی خلاف ورزی کا فوری اور سخت جواب دیا جائے گا۔
حماس نے ثالثوں پر زور دیا کہ وہ قابض افواج پر سفاکانہ کارروائیاں روکنے کیلئے دباؤ ڈالیں اور معاہدے کی تمام شقوں کی مکمل پاسداری یقینی بنائیں۔ ادھر حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے گذشتہ روز سرنگ سے ملنے والی اسرائیلی یرغمالی کی باقیات کی منتقلی مؤخر کر دی ہے۔ جبکہ غزہ سٹی میں تلاشی کے دوران مزید دو یرغمالیوں کی لاشیں ملی ہیں۔


































