
پاراچنار : سیکریٹری انجمن حسینیہ جلال بنگش نے کہا ہے کہ پاراچنار کے حالیہ سانحہ میں سیکورٹی فورسز خود ملوث ہیں۔ قافلے کے ساتھ ہونے کے باوجود کسی سیکورٹی اہلکار کا زخمی یا ہلاک نہ ہونا اس کا ثبوت ہے۔ جمعہ کی نماز کے اجتماع سے خطاب میں جلال بنگش نے واقعہ میں کسی تیسرے فریق کے ملوث ہونے کا بیانیہ بھی مسترد کردیا اور کہا کہ اس واقعہ میں کس کے گھروں سے فائرنگ ہوئی کس کی زمین استعمال ہوئی اور کون کون ملوث ہے یہ ہمیں سب معلوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی کے ساتھ ہمارا کوئی تنازع نہیں ہے جس کا تنازع ہے وہ خود اس سے نمٹے ہمیں اس میں ملوث نہ کیا جائے۔ انہوں نے آئندہ کسی بھی جرگہ میں بیٹھنے سے انکار کردیا اور واضح کیا کہ جب تک واقعات میں ملوث عناصر کا احتساب نہیں ہوگا۔ راستے نہیں کھولے جائیں گے۔ کسی سے کوئی بات نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی گاڑیوں میں مخالفین کے علاقوں میں کھانے پینے کی اشیا پہنچائی جاتی ہیں۔ لیکن اب ایسا نہیں ہونے دیا جائے گا لہذا ایسی کوئی کوشش نہ کی جائے۔ جلال بنگش نے کہا کہ انتہائی درجہ کی سفاکیت کا مظاہرہ کیا گیا اور چھ ماہ تک کے بچے کو نہیں چھوڑا گیا لہذا قتل عام کرنے والوں کو اس کے نتائج بھگتنا پڑیں گے اور انہیں اس کیلئے تیار رہنا چاہئے۔ انہوں نے قوم کو عزم و حوصلہ کی تلقین کی اور کہا کہ اب قلیل مدت کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا بلکہ مستقبل بنیادوں پر مسئلہ کو حل کرنا ہوگا۔ انہوں نے نوجوانوں کو ہدایت کہ وہ کوئی دوسرا محاذ کھولنے کی کوشش نہ کریں انہوں نے خاص طور پر واقعہ کے بعد سیکورٹی چیک پوسٹ کو جلانے کا ذکر کیا اور کہاکہ یہ قومی موقف نہیں ہے اس سے اجتناب کریں۔


































