
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فلسطین میں اسرائیل اور امریکہ کے جرائم کے خلاف عالمی مزاحمت پر زور دیا۔ محنت کشوں سے خطاب میں ولی امر مسلمین نے کہا کہ آج دنیا میں ظالمانہ پالیسیاں رائج ہیں جن کے ذریعے قوموں کو گمراہ کیا جارہا ہے، تاکہ فلسطین کا مسئلہ فراموش کردیا جائے۔ مسلمانوں کو اس کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف افواہوں، بے ربط باتوں اور نئے بے معنی مسائل کے ذریعے مسئلہ فلسطین کو ذہنوں سے بھٹکانے کی کوشش کی جا رہی ہے، مگر ہمیں بیدار رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جو ظلم و ستم صیہونی حکومت غزہ اور فلسطین میں کررہی ہے۔ وہ کوئی ایسا معاملہ نہیں ہے جسے نظر انداز کیا جاسکے۔ پوری دنیا کو اس کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے۔ نہ صرف صیہونی حکومت کے خلاف احتجاج کیا جائے بلکہ ان طاقتوں کے خلاف بھی آواز بلند ہونی چاہئے جو اس کی پشت پناہی کر رہی ہیں۔
انہوں نے امریکہ اور برطانیہ کے کردار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک فلسطینی عوام پر اسرائیلی حکومت کے ظلم وستم میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ سیاست کے میدان میں کچھ اور دعوے کیے جاتے ہیں۔ مگر حقیقت یہی ہے کہ مظلوم فلسطینی عوام صرف صیہونی حکومت ہی نہیں بلکہ امریکہ اور برطانیہ جیسی طاقتوں کے خلاف بھی نبردآزما ہیں۔


































