
اسلام آباد: ایک سے زیادہ پاسپورٹ کے حامل افراد کے لیے 7 ویں ایمنسٹی اسکیم متعارف کرائی جارہی ہے جس کے تحت وہ اپنے اضافی پاسپورٹ منسوخ کراسکیں گے بصورت دیگر انہیں جیل کی سزا ہوسکتی ہے، اسکیم کے تحت ایک سے زائد پاسپورٹ رکھنے والوں کو 3 ماہ کا وقت دیا جائے گا کہ وہ چیزوں کو درست کریں یا پھر جیل جائیں،یہ فیصلہ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا، اسکیم سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہنے والوں کے کیسز وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کو ارسال کیے جائیں گے، پاسپورٹ ایکٹ کےسیکشن 6 ون میں درج ہے کہ ایک شخص کو تین سال تک قید یا جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جاسکتی ہیں اگر وہ اپنے لیے ایک سے زیادہ پاسپورٹ حاصل کرے جبکہ اپنے یا مختلف نام کے پاسپورٹ کی موجودگی کو چھپائے، ایک عہدیدار نے بتایا کہ مجوزہ ایمنسٹی اسکیم کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی جبکہ ڈی جی امیگریشن اور پاسپورٹ سے کہا گیا کہ وہ اس حوالے سے کابینہ کے لیے سمری تیار کریں۔


































