
لندن : ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سوڈان میں جاری خانہ جنگی کو دنیا کا سب سے بڑا انسانی بحران قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور ہزاروں شہری مارے جا چکے ہیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک بیان میں کہا کہ سوڈان کے کردفان علاقے میں عام شہریوں کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے، جہاں تیزی سے بڑھتے ہوئے حملوں نے انسانی المیے کا خطرہ بڑھا دیا ہے۔ ایمنسٹی کی سیکریٹری جنرل ایگنیس کالمارڈ نے کہا کہ دنیا سوڈانی شہریوں کی تکالیف سے نظریں نہیں چرا سکتی۔ آر ایس ایف فوری طور پر شہریوں اور سول تنصیبات پر حملے بند کرے اور محفوظ راستہ فراہم کرے تاکہ لوگ جنگ زدہ علاقوں سے نکل سکیں۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات سے مطالبہ کیا کہ وہ آر ایس ایف کو ہتھیاروں اور فوجی مدد کی فراہمی بند کرے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس بحران کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔


































