
واشنگٹن : امریکا نے مشرق وسطیٰ میں مزید طویل عرصے تک فوجی موجودگی برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔ امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین مارک ملی نے کہاہے کہ امریکی قومی سلامتی کی ترجیحات میں مشرقِ وسطیٰ کا اہم کردار ہے امریکا یہاں سے نہیں جائےگا ۔ یہ خطہ بہت سی وجوہات کی بنا پر امریکاکے لیے بہت اہم اور غیر معمولی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بہت گہری دوستی اور شراکت داری ہے۔ اور ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ خطہ مستحکم ہو۔ ظاہر ہے کہ یہ خطہ دنیا کے دیگر حصوں کے لیے تیل اور توانائی کے وسائل کا بنیادی ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ مشرق وسطیٰ کے ساتھ دیرینہ تعلقات جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ امریکہ مشرق وسطیٰ سے کبھی دورجائے گا۔ میرے خیال میں ہم آنے والے کئی سالوں اور دہائیوں تک پرعزم رہیں گے۔ خطے میں فوجی موجودگی بڑھانے کے سوال پر مارک ملی نے کہا کہ فوج میں اضافے یا کمی کا انحصار خطرات پر ہے۔


































