
واشنگٹن : امریکا اور عراق نے فوجی شراکت داری میں نئے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مشترکہ ملٹری کمیشن بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ عراق کے وزیر دفاع ثابت العباسی کی سربراہی میں ایک وفد نے امریکا کا دو روزہ دورہ کیا۔ اس دورے میں امریکی سیکریٹری دفاع لائڈ آسٹن اور دیگر حکام نے امریکا عراق مشترکہ سیکیورٹی تعاون مذاکرات شروع کرنے کیلئے بات چیت کی۔
فریقین نے عراق کی سیکیورٹی اور دفاعی صلاحیتوں سمیت داعش کے خلاف جاری کارروائیوں پر بات کی۔ امریکا اور عراق کے حکام نے شام میں داعش کے ہاتھوں قید شہریوں کی واپسی کیلئے اقدامات پر بھی غور کیا۔ ملاقات میں واشنگٹن اور بغداد نے اتحاد کو نئی جہت دینے کے طریقہ کار پر مشاورت کیلئے اتفاق کیا، اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ اس عمل کو رواں بنانے کیلئے ملٹری کمیشن تشکیل دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ عراق میں اب بھی امریکا کے ڈھائی ہزار فوجی موجود ہیں۔


































