
لاہور : شیعہ علما کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ عزاداری سید الشہداء مکتب تشیع کا بنیادی آئینی اور قانونی حق ہے جس پر کسی بھی قسم کی قدغن قابلِ قبول نہیں۔ اربعین نواسہ رسول جگر گوشہ بتول کو بھرپور طریقے سے منانے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر ایک نئی مثال قائم کرنے کی اپیل بھی کی اور امید کا اظہار کیا کہ حکومت و انتظامیہ عزاداری کے راستے میں رخنہ اندازی سے گریز کرتے ہوئے اب تک ہونے والے عزاداری مخالف تمام تر اقدامات واپس لے گی۔شیعہ علماءکونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سبطین سبزواری کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ بزرگ علماءکے زیر اہتمام منعقدہ علماءو ذاکرین کانفرنس مکتب تشیع کا نمائندہ اقدام ہے جو اپنے حقوق کے حصول کے لیے پرامن احتجاج کا بہترین عملی نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تشیع ایک ذمہ دار اور باوقار مکتب ہے جس نے وطن عزیز پاکستان کے قیام سے لیکر اب تک ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نہ صرف متحرک کردار ادا کیا ہے بلکہ ملکی بقاء کے لیے گرانقدر قربانیاں بھی دی ہیں ،جو اظہر من الشمس ہیں۔


































