
اسلام آباد: چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ جب تک انتہاء پسندوں کے دانت نہیں توڑے جائیں گے جڑانوالہ جیسے واقعات پیش آتے رہیں گے۔ سانحہ جڑانوالہ کے متاثرین کے ہمراہ اور ان سے اظہار یکجہتی کے لیے پریس کانفرنس سے خطاب میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مقتدر حلقوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ انتہا پسند اور تکفیری گروپوں کی کھل کر سرپرستی کی جاتی ہے انہیں مقتدر حلقے اپنا اثاثہ سمجھتے ہیں اسی لئے ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسا خونخوار جتھہ اور سوچ پروان چڑھ چکی ہے، جنہیں مکمل آزادی ہے کہ وہ جس پر چڑھ دوڑیں، جس کا چاہیں خون بہائیں، یہ اثاثے ہیں، ان کو استعمال کیا جاتا ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہاکہ مشکل اور دکھ کی اس گھڑی میں ہم اپنے مسیحی ہم وطنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہ ایسی قبیح حرکت ہے کہ جس نے ہمارے وطن پر گہرا گھاؤ لگایا ہے، دلخراش واقعے سے ہمارے سر شرم سے جھک گئے ہیں، تمام پاکستانیوں کا اس ملک پر برابر کا حق ہے، پاکستان کے پرچم میں سفید رنگ ہمارے تمام غیر مسلم بھائیوں کا ہے۔ بائبل آسمانی کتابوں میں سے ہے۔ الہامی اور مقدس کتابوں کو جلایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انتہاپسندوں اور تکفیریوں نے اسی ہزار پاکستانیوں کا خون بہایا لیکن کسی ایک مجرم کو بھی سزا نہیں ہوئی۔


































