
راولپنڈی: پاکستانی فوج نے کہا ہے کہ افغان طالبان کے سرحدی حملوں کو پسپا کردیا گیا۔ جوابی کارروائیوں میں 200 سے زائد افغان طالبان اور خارجی ہلاک کر دیے گئے، فائرنگ کے تبادلے میں تئیس فوجی جاں بحق اور انتیس زخمی ہوئے۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق افغان فوج نے پاک-افغان سرحد پر انگور اڈا، باجوڑ، کرم، دیر، چترال اور بلوچستان کے علاقے بارام چاہ پر بھی بلا اشتعال فائرنگ کی۔ پاک فوج نے افغانستان کی متعدد سرحدی پوسٹوں پر قبضہ کرتے ہوئے وہاں پاکستان کا قومی پرچم لہرا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز نے بھاری ہتھیاروں کے ساتھ مؤثر اور جارحانہ انداز میں کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں افغان فورسز کی متعدد پوسٹیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں جبکہ کئی اہلکار پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ پاک فوج نے افغانستان کی 19 چیک پوسٹوں پر قبضہ کر لیا جہاں سے پاکستان کے خلاف حملے کیے جاتے تھے۔ پاکستانی بیانیے کے مطابق فائرنگ کا مقصد دہشت گردوں کو سرحد پار کروانا بھی تھا جس کا تیزی کے ساتھ بھرپور اور شدید جواب دیا گیا ہے۔ پاکستان نے افغانستان کی متعدد سرحدی پوسٹیں تباہ اور درجنوں افغان فوجیوں اور دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سعودی عرب ۔ قطر ۔ ترکیہ اور ایران نے فریقین سے اپیل کی ہے کہ جنگ کے بجائے بات چیت، سفارت کاری اور تحمل کو ترجیح دیں۔


































