
پشاور : برطانیہ جانے کے منتظر ایک ہزار سے زائد افغان شہری پاکستان میں پھنس گئے۔افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد برطانیہ کی رائل ایئر فورس کی فلائٹس سے بہت سے افغانوں کو لے جایا گیا مگر پیچھے رہ جانے والے سرحد پار کر کے پاکستان آ گئے۔ ان میں زیادہ تر وہ ہیں جنہوں نے افغانستان میں برطانوی افواج کے ساتھ کام کیا تھا۔ ان کے پاس برطانوی فوج کے ساتھ کام کرنے کی دستاویزات موجود ہیں لیکن اُن کی پناہ کی درخواستوں پر لندن میں وزارت داخلہ کا دفتر فیصلہ کرنے میں وقت لے رہا ہے۔ اُن میں سابق ترجمان، میڈکس اور سفارتخانے کے ملازمین بھی شامل ہیں۔ ان کے ساتھ کم از کم 500 بچے بھی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان افغان شہریوں کو برطانیہ جانے کے لیے مزید ایک سال انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔


































