
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر جو بائیڈن سے امریکی جیل میں قید پاکستانی نیوروسائنٹسٹ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی سزا معاف کرنے اور انسانی بنیادوں پر ان کو رہا کرنے کی درخواست کی ہے۔ صدر جو بائیڈن کے نام بھیجے گئے خط میں شہباز شریف نے لکھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ نے 86 سال قید کی سزا سنا رکھی ہے۔ بطور وزیراعظم اس معاملے میں مداخلت میری ذمہ داری ہے۔ گزارش ہے کہ آپ اپنا آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے انسانی بنیادوں پر عافیہ صدیقی کی سزا معاف کرکے رہائی کا حکم دیں۔ شہباز شریف نے مزید لکھا کہ اس سلسلے میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے گھر والے اور مجھ سمیت لاکھوں پاکستانی آپ کی عنایت کے منتظر ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی ایف ایم سی کارسویل میں سمتبر 2010 سے قید ہیں اور امریکی جیل میں 16 سال کی قید کاٹ چکی ہیں۔ پاکستانی وزیراعظم نے خط میں کہا کہ اِن برسوں میں پاکستانی عہدیداران عافیہ صدیقی سے کونسلر ملاقاتیں کر چکے ہیں۔ سب ملاقات کرنے والوں نے عافیہ صدیقی کے علاج کی سہولیات سے متعلق سنجیدہ تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف نے مزید لکھا کہ ڈاکٹر عافیہ کے معاملے کو ہمدردی کی بنیاد پر دیکھا جانا چاہیے۔


































