
اسلام آباد: پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک نے مقبوضہ یروشلم میں مسلمانوں اور عیسائیوں کی عبادت کی آزادی پر اسرائیلی پابندیوں کی شدید مذمت کی ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق اعلامیے میں کہا گیا کہ یروشلم میں مسلمانوں کو الاقصیٰ مسجد تک رسائی سے روکنا اور عیسائی مذہبی رہنماؤں کو مقدس چرچ میں داخلے سے منع کرنا بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
مشترکہ بیان پاکستان، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکیہ، سعودی عرب اور قطر کے وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری کیا گیا، جس میں اسرائیل کے ان اقدامات کو قانونی و تاریخی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے مسترد کیا گیا۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ مسجد اقصیٰ کے دروازے مسلسل 30 دن تک، حتیٰ کہ ماہِ رمضان میں بھی بند رکھنا عبادت کی آزادی کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اس سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔


































