
راولپنڈی : فوجی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی سمیت اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی کے مزید ساٹھ کارکنوں کو سزائیں سنادیں۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سانحہ نو مئی میں ملوث مزید ملزمان کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے سزائیں سنا ئیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے تمام شواہد کی جانچ پڑتال، ملزمان کو قانونی حق کی یقینی فراہمی اور قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے سزائیں سنائیں۔ ملزمان میں جناح ہاؤس۔ جی ایچ کیو۔ بنوں کینٹ۔ ملتان کینٹ۔ پنجاب رجمنٹ سینٹر مردان۔ ہیڈکوارٹر دیر اسکاؤنٹس تیمرگرہ اور دیگر فوجی تنصیبات پر حملے کے ملزمان شامل ہیں۔


































