
غزہ : اسرائیلی حملوں کے دوران چوبیس گھنٹوں میں شہید افراد کی تعداد ساڑھے چار سو سے زائد ہوگئی۔ جبکہ درجنوں افراد زخمی ہیں۔ صیہونی فوج نے نصیرات۔ خان یونس ۔ غزہ شہر اور دیگر مقامات کو بمباری کا نشانہ بنایا۔ رہائشی عمارتیں۔ مکانات اور مسجد بمباری سے تباہ ہوگئیں۔
فضائی حملوں میں صحافی یاسر ابو ناموس اور ان کی والدہ سمیت اکیس افراد شہید اور پچاس سے زائد زخمی ہوگئے۔ چوبیس گھنٹوں میں ساڑھے چار سو افراد شہید ہوئے۔ جبکہ مارے گئے میڈیا ورکرز کی تعداد 23 ہو گئی ہے۔ شہادتوں کی مجموعی تعداد آٹھ ہزار کے قریب جاپہنچی۔ انیس ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صحت نے کہاہے کہ غزہ میں ملبے تلے ایک ہزار سے زائد نامعلوم افراد کی لاشیں دبی ہوئی ہیں۔ ان لاشوں کو مجموعی اموات میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ غزہ کی وزارت صحت نے صیہونی حملوں میں شہید سات ہزار سے زائد فلسطینیوں کے نام شائع کردئے۔ یہ نام امریکی صدر کی جانب سے شہیدوں کی تعداد پر اعتراض کے باعث شائع کئے گئے۔ دوسری جانب حماس نے تل ابیب سمیت کئی شہروں کوراکٹوں سے نشانہ بنایا۔


































