
اسلام آباد : انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیراعظم کی دو بہنوں سمیت بائیس رہنماؤں کو اشتہاری قرار دے دیا۔ لاہور کی انسداد دہشت گری عدالت میں لاہور کے کور کمانڈر ہاؤس پر حملے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ تفتیشی افسر نے 22 رہنماؤں کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کی درخواست کی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ جناح ہاؤس حملہ کیس میں تمام ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔ تعمیل کنندہ کے مطابق ملزمان روپوش ہیں اور وارنٹ گرفتاری موصول نہیں کر رہے۔ جن رہنماؤں کو اشتہاری قرار دیا گیا ان میں سابق وزرا، اعظم سواتی، حماد اظہر، فرخ حبیب، مراد سعید، چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنیں عظمی اور علیمہ خان اور بھانجے حسان نیازی شامل ہیں۔


































