
sdr
ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی عالمی یوم القدس کو پورے جوش و جزبے سے منایا گیا۔ بعد نماز جمعہ یوم القدس کی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، گلگت اسکردو روڑ، گلگت غذر روڑ سمیت شاہراہ قراقرم پر سات مختلف مقامات پر بھرپور مظاہرے ہوئے۔ ان مظاہروں کے دوران امریکہ اور اسرائیل مردہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کے پرچم اور ان کے سربراہوں کے پتلے بھی نذرآتش کیے اور ان سے نفرت کا اظہار کیا گیا۔ القدس ریلیوں میں مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر امریکہ، اسرائیل، بھارت مخالف نعرے درج تھے، القدس ریلیوں میں علماء کرام، مذہبی و سیاسی اکابرین اور بڑی تعداد میں تمام مکاتب فکر کے افراد نے شرکت کی۔ گلگت کی مرکزی یوم القدس ریلی مرکزی امامیہ کونسل کے زیر اہتمام جامع مسجد سے قائد ملت جعفریہ گلگت بلتستان آغا سید راحت حسین الحسینی کی قیادت میں نکالی گئی۔ ریلی میں ہزاروں فرزندان توحید نے شرکت کی۔


































