
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرکے درجنوں رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس نے رات گئے رہنماؤں اور فعال کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔ پولیس نے متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ مطلوبہ فرد کے نہ ملنے پر گھر میں موجود مردوں کو پولیس ساتھ لے گئی۔ اسلام آباد کے تمام تھانوں میں ایس ایچ اوز کو تحریک انصاف کے سرگرم کارکنوں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ پنجاب کے شہر لاہور میں بھی رات گئے پولیس کی بھاری نفری نے چھاپہ مار کارروائیاں کیں اور متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاریاں زمان پارک اور جوڈیشل کمپلیکس میں ہنگامہ آرائی کے تناظر میں کی جارہی ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے ٹویٹ کیا کہ بڑے پیمانے پر گرفتاریاں جاری ہیں۔ تحریک انصاف کے ورکرز کو گرفتار کرکے انکے گھر والوں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔


































