
سرینگر انتظامیہ کی جانب سے پیر کو 50 فیصد کاروباری سرگرمیوں کی اجازت دینے کے بعد شہر کے علاوہ وادی کے بیشتر علاقوں میں اکثر دکانیں اور کاروباری ادارے کھل گئے جبکہ 5 ماہ کے بعد مسافر ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں پر نظر آیا۔ ضلع انتظامیہ نے گزشتہ روز حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ 4 اگست کے ضوابط کے تحت سرینگر میں 50 فیصد کاروباری سرگرمیاں معیاری عملیاتی طریقہ کار کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ چھوٹی مسافر بردار گاڑیوں کو بھی سڑکوں پر ضوابط کے تحت چلنے کی اجازت دی گئی تھی۔
پائین شہر اور سول لائنز میں پیر کو صبح سے ہی بیشتر دکانیں کاروباری مراکز اور بازار کھل گئے اور کافی عرصے کے بعد ان بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں دیکھنے کو ملی۔ بازاروں میں خریداروں کی اچھی خاصی تعداد بھی خرید و فروخت کرنے میں مصروف تھی، تاہم زیادہ تر اشیائے خوردنی کی دکانوں پر لوگوں کا زیادہ دباؤ تھا۔ لال چوک، ریذیڈنسی روڑ، گونی کھن صرافہ بازار ، ککر بازار اور جہانگیر چوک میں دکانیں کھل گئیں۔ پائین شہر کے بیشتر بازاروں میں بھی دکانیں کھل گئیں۔ اس دوران سڑکوں پر کافی عرصے کے بعد مسافر بردار گاڑیاں نظر آئیں۔ ضلعی سڑکوں پر بھی چھوٹی بڑی مسافر بردار گاڑیاں سڑکوں پر دوڑ رہی تھیں۔


































