
پارا چنار : ضلع کرم کے پیواڑ علیزئی اور گیدو قبائل کے درمیان ایک ماہ کیلئے عارضی امن معاہدہ ہوگیا۔ معاہدہ دونوں قبائیل کے جرگے میں کیا گیا جس میں 73 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر ثاقب گلزار، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر آفاق وزیر، ڈی پی او طاہر اقبال، کرنل حماد خان، پارلیمنٹیرینز سمیت تمام قبائل کے چیدہ چیدہ عمائدین شریک ہوئے۔ دونوں قبائل کے درمیان فائر بندی کے بعد 20رکنی جرگہ تشکیل دیا جائے گا۔ جو ہفتے سے مذاکرات کا آغاز کرے گا۔ جرگے سے خطاب میں ایم این اے ساجد طوری، ایم این اے فخر زمان اور دیگر عمائدین نے کہا کہ امن معاہدہ خوش آئند ہے اور کسی کو بھی ضلع کرم کے پر امن ماحول کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ 23 اکتوبر کو ضلع کرم کے سرحدی علاقے میں پیواڑ علیزئی اور گیدو قبائل کے مابین جنگل کے تنازعے پر فائرنگ کے واقعے میں 16افراد جاں بحق20سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔


































