
امریکا کی ایران کیخلاف ایٹمی ایجنسی میں قراردادلانے کی تیاری،مسودہ رکن ممالک میں تقسیم، ایٹمی معائنہ کاروں کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کا مطالبہ
آئی اے ای اے نے ایران کیخلاف کوئی قرارداد پاس کی تو اس کا ویسا ہی جواب دیا جائے گا،ایران کا انتباہ، ایجنسی کو مراسلہ بھی ارسال کردیا
واشنگٹن /تہران (نیوز ڈیسک) امریکا نے ایران کیخلاف تمام اداروں میں ناکامی کے بعد ایٹمی توانائی ایجنسی کو سازش کا نیاگڑھ بنالیاایران نے اپنے خلاف کسی قراردادکی منظوری پر سخت ردعمل کا انتباہ دے دیا، تفصیلات کے مطابق امریکا مختلف عالمی اداروں میں شکست کھانے کے بعد اب آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنر کے اجلاس میں ایران کے خلاف دیگر ملکوں کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے،امریکی میڈیا کے مطابق بائیڈن انتظامیہ نے ممبران سے درخواست کی ہے کہ وہ بورڈ آف گورنرز میں واشنگٹن کی پیش کردہ قرار داد کی حمایت کریں ، قرارداد میں دعوی کیا گیا ہے کہ اگر ایران ایٹمی معاہدے پر مکمل عملدرآمد شروع کردے تو امریکا بھی اس سے ملتے جلتے اقدامات کے لیے تیار ہے، بورڈ آف گورنرز کے ارکان میں تقسیم کی گئی قرارداد کے متن میں ایران کے آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کا مطالبہ بھی شامل ہے ،ادھر ایران کے ایٹمی توانائی ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے خبردار کیا ہے کہ اگر آئی اے ای اے نے ایران کیخلاف کوئی قرارداد پاس کی تو اس کا ویسا ہی جواب دیا جائے گا،ایران کی جانب سے ایجنسی کو مراسلہ بھی ارسال کیا جا چکا ہے۔


































