
یمنی فوج اور انصار اللہ نے مآرب کے اطراف کے علاقے اور جیل پر قبضہ کرلیا،ریڈ لائن ختم ہوچکی ، شہر پر کسی بھی وقت انصاراللہ کا کنٹرول ہو سکتا ہے
لوگوں کی بڑی تعداد انصار اللہ کے ساتھ شامل ،پیشقدمی روکنے کیلئے سعودی اتحاد نے بھاری تعداد میں اپنے فوجی روانہ کردیئے،امریکا سے بھی مدد طلب
صنعا (نیوز ڈیسک)یمن میں ا نصار اللہ اور یمنی فوج مآرب شہر پر کنٹرول کے قریب پہنچ گئے ، منصور ہادی کی فوج اور انصار اللہ کے درمیان مآرب پر قبضے کیلئے گھمسان کی جنگ جاری ہے، یمن کی فوج اور انصاراللہ کے جوانوں نے مآرب میں جیل کا کنٹرول حاصل کرتے ہی9سیاسی قیدی رہا کردئے، انہیں سعودی حکام کی تحویل میں دینے کی تیاری کی جارہی تھی، مارب ڈیم کے علاقوں الراک اور قاع المنجور کا کنٹرول بھی سعودی اتحادیوں سے چھن گیا ہے، انصار اللہ کا کہنا ہے کہ ریاض کی بنائی ہوئی ریڈ لائن اب ختم ہوچکی ہے، شہرپر کسی بھی وقت انصاراللہ کا کنٹرول ہو سکتا ہے،مآرب ہاتھ سے نکلنے پر آل سعود اور اتحادیوں میں سخت تشویش پیدا ہو گئی ہے، انصار اللہ کی پیشقدمی کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد ان کے ساتھ شامل ہوگئی ہے،یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی تیز رفتار پیش قدمی کو دیکھتے ہوئے سعودی اتحاد نے بھاری تعداد میں اپنے فوجی روانہ کر دیئے ہیں جبکہ فضائی حملے بھی تیز کردئے ہیں، انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا ہے کہ مآرب سے متعلق پیش آنے والے واقعات اپنے ملک کے تمام مقبوضہ علاقوں کو آزاد کرانے کیلئے یمن کی قومی جدوجہد کا حصہ ہیں،یمن کے صوبے مارب کے قبائل نے سعودی احکامات ماننے سے انکار کر دیا، یمنی فورسز کی پیشقدمی کے ساتھ ہی صنعا نے قبائل کو جھڑپوں کے مقام سے دور رکھنے کے لئے رابطے بڑھا دیئے ہیں، سعودی عرب نے مستعفی حکومت کے حامی قبائل کو دھمکی د ی تھی ہے کہ اگر انہوں نے صنعا کا ساتھ دیا تو ان پر حملہ کر دیا جائے گا یمنی فورسز کی مآرب کی جانب پیشقدمی سے خوفزدہ ہوکر سعودی اتحاد نے امریکا مدد مانگ لی ہے جس کے بعد امریکی وزارت خارجہ نے یمنی فورسز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پیشقدمی روک دیں اور مذاکرات کی میز پر آجائیں


































