
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے 3 شعبان المعظم یوم ولادت حضرت امام حسینؑ کے موقع پر کہا کہ امام حسینؑ کا یوم ولادت انسانیت کیلئے مسرت کا دن ہے، امامؑ نے انبیاء کرام (ع) کے مشن اصلاح کو اپنا مطمع نظر قرار دیا اور امام نے نظام کی اصلاح کیلئے سب کچھ قربان کردیا جو تا قیامت رہنمائی کا مینار قرار پایا۔ انہوں نے کہا کہ فرزند رسول اکرم(ص) حضرت امام حسینؑ کی جدوجہد کا اثر ہے کہ دنیائے عالم میں حریت و استقلال پر مبنی تمام تحریکوں نے تحریک کربلا سے درس حریت حاصل کیا اور جب حریت پسندوں کو اپنی جدوجہد کے لئے بہترین قیادت کی ضرورت محسوس ہوئی تو انہوں نے حضرت امام حسینؑ کی لازوال شخصیت کی طرف رجوع کیا اور ان کے کردار سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی جدوجہد آگے بڑھاکر کامیابی حاصل کی۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ محسن انسانیت حضرت امام حسینؑ کی ذات گرامی جملہ اوصاف حمیدہ کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپؑ کی سیرت کا ہر پہلو عالم انسانیت کی رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے۔


































