
اسلام آباد: افغان رہنماؤں کا اعلیٰ وفد وزارتِ خارجہ پہنچا اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ضروری ہے کہ ہم مل کر افغانستان اور خطے کی بہتری کیلئے لائحہ عمل وضع کریں، ہمارا حتمی مقصد پرامن، متحد، جمہوری، مستحکم اور خوشحال افغانستان ہے، مجھے قوی امید ہے کہ ہم مل کر امن اور مفاہمت کو آگے بڑھا سکتے ہیں، عالمی برادری واضح طور پر افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل کی حامی ہے، وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان قیادت کیلئے لازم ہے کہ وہ اس تاریخی موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے،افغانستان کے وسیع البنیاد اور جامع سیاسی حل کی راہ ہموار کریں، ہم سمجھتے ہیں کہ جامع مذاکرات، افغان مسئلے کے پرامن سیاسی حل کا واحد راستہ ہیں ، ہم نہیں چاہتے کہ افغانستان میں بدامنی ہو اور اندرونی انتشار سے ہمسایہ ممالک متاثر ہوں، ہمیں امن مخالف ان عناصر پر بھی کڑی نظر رکھنا ہو گی جو پاکستان کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ مصالحانہ کردار کو غلط رنگ دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔


































