
عالمی اتحاد سے متعلق قرارداد169ووٹوں سے منظور ،جنرل اسمبلی میں امریکا اور اسرائیل کو ایک بار پھر شرمناک شکست، یوکرین اور ہنگری غیر حاضر
عالمی وبا کے باوجود امریکابعض ممالک پر پابندیاں برقرار رکھنے پر مصِر ،نمایندگی رکھنے والے ادارے کی طرف سے اتحاد کا مضبوط مظاہرہ تھا
نیویارک(نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ میں امریکا اور اسرائیل کو ایک بار پھر شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا اور دونوں ممالک کورونا وائرس کے خلاف عالمی اتحاد کی تشکیل کیلئے قرارداد کی منظوری روکنے میں ناکام ہوگئے ،جنرل اسمبلی نے قرارداد کو بھاری اکثریت سے منظور کرلیا ، 193ارکان پر مشتمل۔ اسمبلی کے 169 ارکان نے حمایت اور صرف امریکا اور اسرائیل نے مخالفت میں ووٹ دیا، یوکرین اور ہنگری غیر حاضر رہے،امریکا اور اسرائیل نے قرادادمیں کیوبا کی اس ترمیم پر اعترا ض کیا تھا جس میں ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ یکطرفہ معاشی ، مالی یا تجارتی پابندیوں کی مخالفت کریں، یہ اقوام متحدہ کے ممالک کی سب سے زیادہ نمایندگی رکھنے والے ادارے کی طرف سے اتحاد کا مضبوط مظاہرہ تھا حالانکہ متعدد ممالک نے امید کی تھی کہ یہ قرارداد اتفاق رائے سے منظور ہوجائے گی، امریکہ اور غاصب صیہونی حکومت عالمی اتحاد کی تشکیل کیلئے اقوام متحدہ کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا کیونکہ امریکاعالمی وبا کے باوجود بعض ممالک پر پابندیاں برقرار رکھنے پر مصِر ہے اور اقوام متحدہ کی درخواست کو قبول کر لینے کی صورت میں اسے اپنے موقف سے پسپائی اختیار کرنا پڑتی۔


































