
لاہور: موسم گرما کی تعطیلات کے بعد پنجاب بھر کے اسکولوں میں یکساں قومی نصاب پڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ احکامات سے ہٹ کر نصاب پڑھانے پر پرائیویٹ تعلیمی ادارے کو 20 لاکھ روپے جرمانہ یا متعلقہ اسکول کا لائسنس منسوخ کیا جا ئے گا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر میں 2 اگست سے یکساں قومی نصاب پڑھایا جائے گا۔ یکساں قومی نصاب سے ہٹ کر کتاب لگانے پر 20 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام اتھارٹیز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے، جس میں خصوصی طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ صرف یکساں قومی نصاب کے تحت پہلی سے پانچویں جماعت کے بچوں کو سلیبس پڑھایا جائے۔ یکساں قومی نصاب سے ہٹ کر سلیبس پڑھانے کیلئے پنجاب کریکولم ٹیکسٹ بک بورڈ (پی سی ٹی بی) کو درخواست جمع کروائی جائیگی، صرف پی سی ٹی بی کی منظور کردہ کتاب ہی نئے سلیبس میں شامل ہو سکے گی۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق احکامات کی خلاف ورزی پر متعلقہ اسکول کو 20 لاکھ جرمانہ یا متعلقہ اسکول کا لائنسس بھی منسوخ کیا جا سکتا ہے۔


































