
ضلعی انتظامیہ جنوبی وزیرستان نے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی، جب کہ پولیس اور ایف سی کے جوان علاقہ اسپن پہنچ گئے۔ جنوبی وزیرستان میں دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد گرفتاریاں عمل میں لانے کیلئے کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق تھری ایم پی او کے تحت لا اینڈ آرڈر حالات کو بگاڑنے والوں کو تیس دن تک جیل میں ڈالا جائیگا، ضلع میں ایک ماہ کیلئے ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش ہر پابندی ہوگی، کالے شیشے والی گاڑیوں پر بھی پابندی ہوگی۔ اطلاعات کے مطابق کارکنڑہ ملکیتی تنازع میں مورچہ زنی اور قومی لشکر کشی کی پاداش میں ڈی سی جاوید اقبال کی ہدایت پر دوتانی اور زلی خیل وزیر قبائل مشران کیخلاف تھری ایم پی او کے تحت وارنٹ گرفتاری کی احکامات جاری کئے گئے ہیں، آج سے پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع کیا جائیگا۔


































