
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امام عالی مقام، نواسہ رسولﷺ حضرت حسین علیہ السلام کے یوم ولادت کے پر مسرت موقع پر محبان اہلبیت اطہار علیہم السلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حسینی فکر کو مشعل راہ بنا کر طاغوت و استعمار کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے، دنیا میں جتنی بھی حسینی تحریکیں ہیں سر بلند و سرخرو جبکہ مد مقابل پامال و رسوا ہیں۔ امام حسین علیہ السلام وہ شخصیت ہیں جنہوں نے انسانیت کو معراج عطا کی ہے، آپؑ نے جرات و استقامت کی وہ تاریخ رقم کی جس کی دنیا میں کوئی مثال موجود نہیں اور نہ ہی قیامت تک ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا کی استکباری قوتیں تمام تر وسائل رکھنے کے باوجود بھی حسینی پیروکاروں سے خائف ہیں۔ جب بھی حق و باطل کا معرکہ ہو دنیا کی نظریں کربلائی فکر کا پرچار کرنے والوں پر جا کر رکتی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا اس حقیقت سے آگاہ ہو چکی ہے کہ انسانیت کی فلاح در حسین علیہ السلام سے وابستگی کے بغیر ممکن نہیں۔ مسیحیت کے عظیم مذہبی رہنما پوپ فرانسِس کی آیت اللہ سید علی سیستانی کے در پر حاضری اس حقیقت کو آشکار کر رہی ہے کہ غیر مسلموں کے نزدیک بھی اگر اسلام کی کوئی شخصیت قابل احترام ہے تو وہ اولاد حسین (ع) ہی ہے۔


































