
لبنانی اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے پہلے اسلامی مہینے محرم الحرام کے آغاز کی مناسبت سے اپنے خطاب میں غاصب صہیونی رژیم اسرائیل کو خطے کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غاصب صہیونی رژیم اور امریکا کی حقیقت کے درمیان فرق انتہائی مشکل ہے جبکہ یہ دونوں حکومتیں اپنے مخصوص اہداف کے حصول کے لئے سرگرم ہیں۔ سید مقاومت نے اپنے خطاب کے دوران امتِ مسلمہ اور بالخصوص لبنانی عوام کو غاصب صہیونی رژیم کے وجود میں آنے کی تاریخ کا بغور مطالعہ کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ صحیح طریقے سے تاریخ کا مطالعہ نہ کرنے کا نتیجہ غلط نتائج اخذ کرنے صورت میں نکلتا ہے۔
حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل نے فلسطینی اور فلسطین میں داخل ہونے والی جارح قوتوں کی تاریخ کے ساتھ گہری آشنائی کو غاصب صہیونی دشمن کے ساتھ مقابلے کا لازمی جزو قرار دیا اور کہا کہ اس ناسور یعنی غاصب صہیونی رژیم کے ساتھ سلوک کا طریقۂ کار سمجھنے کے لئے ہمیں چاہیئے کہ فلسطین کی گذشتہ 100 سالہ تاریخ کا گہرا مطالعہ کرکے اس رژیم کی طاقت و کمزوری کے نکات کی پہچان حاصل کریں۔ انہوں نے غاصب صہیونی رژیم کے ماضی سے پردہ اٹھاتے ہوتے کہا کہ انہوں (صہیونیوں) نے شروع دن سے ہی مذہب کے پس پردہ قبضے پر مبنی اپنے تباہ کن منصوبے کو آگے بڑھایا ہے۔
حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے غاصب صہیونی رژیم کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے اعلان اور صہیونیوں کی جانب سے خطے میں دباؤ اور (فلسطینی) محاصرے کا مقصد فلسطینی عوام کو صہیونی خواہشات کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنا قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا دراصل ایک جنگلی ملک ہے، جس کے اندر نسلی امتیاز کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے اور ہمیں اس سے کوئی توقع نہیں کہ وہ حقیقت یا انسانیت کے احترام کو تہہ دل سے قبول کرتے ہوئے ہمیں "انسانی حقوق” کا سبق پڑھائے۔ سید حسن نصراللہ نے برطانوی حکومت کو صہیونی غلام قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود کو صہیونیوں کے استعماری مقاصد کی تکمیل کے لئے وقف کر رکھا ہے۔
سید مقاومت نے مزید کہا کہ وہ جنہوں نے کربلاء کا حماسہ رقم کیا ہے، آج ہمارے آئیڈیل ہیں؛ وہ سخت دنوں میں ہمارے لئے بہترین نمونۂ عمل ہیں، تاکہ ہم ثابت قدم رہیں اور وقوع پذیر ہونے والے واقعات سے نہ ڈریں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تاریخ ایسی عظیم اور ممتاز شخصیات سے بھری پڑی ہے کہ جن سے بہت کچھ سیکھ کر زندگی میں ان سے مدد لی جا سکتی ہے۔


































