
ڈھاکا: بنگلا دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے کہا ہے کسی دباؤ کے سامنے نہیں جھکیں گے، عوام کو ہم پر بھروسہ ہے اور اسی طاقت کیساتھ آگے بڑھیں گے۔ ڈھاکا میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شیخ حسینہ واجد نے دوٹوک الفاظ میں دنیا کو پیغام دے دیا ہے کہ بنگلادیش کسی کے دباؤ میں آئے گا اور نہ کسی کے آگے جھکے گا، ملک کے عوام کو ہم پر بھروسہ ہے اور ہم اسی طاقت کے ساتھ ملک کی تعمیر وترقی کے لیے آگے بڑھیں گے۔ انسانی حقوق کی امریکی رپورٹ سے متعلق سوال پر حسینہ واجد نے امریکا کا نام لیے بغیر کہا کہ ہمیں انسانی حقوق کون سکھائے گا؟ جو قاتلوں کو پناہ دیتے ہیں جس ملک میں اسکولوں میں فائرنگ، طلبا کی ہلاکت، پولیس کے ہاتھوں سڑکوں پر لوگوں کا گلا گھونٹنے کے واقعات تواتر سے ہو رہے ہوں، کیا وہ ہمیں انسانی حقوق سکھائیں گے؟ بنگلہ دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش اپنے اعتماد اور عوام کی طاقت کے ساتھ آگے بڑھتا رہے گا۔


































