
الخلیل : مقبوضہ غرب اردن میں فلسطینی نوجوان کی شہادت پسندانہ کارروائی میں ایک صیہونی فوجی زخمی ہوگیا۔19 سالہ فادی محمد غطاس کو چاقو سے حملہ کرنے پر اسرائیلی فوجیوں نے گولی مار کر شہید کردیا۔ فلسطینی نوجوان نے الخلیل سے 5 کلومیٹر شمال مشرق میں بیت عینون گاؤں کے داخلی دروازے پر چیک پوسٹ پر تعینات صیہونی فوجیوں پر حملہ کیا۔
غزہ کے فلسطینی مرکز برائے انسانی حقوق نے ایک حالیہ رپورٹ میں کہا ہےکہ اسرائیلی فوج نے رواں سال کے آغاز سے اب تک مغربی کنارے اور محصور غزہ میں چھاپوں اور مختلف جارحیت کی کارروائیوں کے دوران سو سے زائد فلسطینیوں کو شہید اور سینکڑوں کو زخمی کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 81 شہریوں سمیت 112 فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 195 بچے، 39 خواتین اور 22 صحافیوں سمیت 1,277 شہری زخمی ہوئے۔


































