
گھانا : مغربی افریقی بلاک نے نائیجر میں مغرب نواز صدر محمد بازوم کی حکومت بحال کرنے کیلئے فوجی کارروائی کی دھمکی دیدی۔ مغربی افریقا کے 15 ممالک پر مشتمل اکنامک کمیونٹی آف ویسٹ افریکن اسٹیٹس، ایکواس، کے فوجی سربراہان کا اجلاس گھانا میں ہوا۔ جس میں نایجر کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ایکواس کے کمشنر برائے سیاسی امور، امن اور سلامتی عبدالفتاو موسیٰ نے نائجر کے جنرلوں پر الزام لگایا کہ وہ ایکواس کے ایلچیوں کیساتھ ملاقات سے انکار کرکے فوجی قبضے کا جواز پیش کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوجی حکمرانی والے ارکان کے سوا باقی ممالک اسٹینڈ بائی فورس میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں۔ سفارتی کوششیں ناکام رہیں تو فوجی مداخلت کی جائے گی۔ نائیجیریا نے فوجی مداخلت سے متعلق خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے عملی طور پر بحران بڑھے گا اور معصوم لوگوں کو مزید مصائب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جبکہ مالی اور برکینا فاسو نے کہا ہے کہ مداخلت ان کے خلاف اعلان جنگ کے مترادف ہوگی۔


































