
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ خامنہ ای نے شہداء اقتدار کے چہلم پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لئے ہر فرد، ادارہ اور طبقے کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی ہوں گی۔ انہوں نے شہداء کے صبر، قربانی اور عزم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان کی راہ کو جاری رکھنا ہوگا۔
انہوں نے تمام ایرانی شہریوں، علماء، سائنسدانوں، میڈیا، فوج اور حکومت کو الگ الگ اہم ذمہ داریاں یاد دلائیں، تاکہ ملک کو مزید ترقی، استحکام اور خودانحصاری کی طرف لے جایا جاسکے۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارے شہداء نے خود ہی وہ راستہ چنا تھا جس میں شہادت جیسی بلند مرتبہ منزل پانے کی امید تھی، اور آخرکار وہ اس عظیم آرزو تک پہنچ گئے جو ہر قربانی دینے والے کا خواب ہوتا ہے۔ یہ مرتبہ ان کو مبارک ہو۔ البتہ ان کی جدائی کا دکھ ایرانی قوم کے لیے، خاص طور پر شہداء کے اہل خانہ اور ان کے قریبی عزیزوں کے لیے، بہت سخت، تلخ اور بھاری ہے۔ اس سانحے میں کچھ روشن پہلو بھی نمایاں طور پر نظر آتے ہیں۔ پہلا: شہداء کے پسماندگان کا صبر، حوصلہ اور کشادہ دلی، جو اپنی مثال آپ ہے اور صرف اسلامی انقلاب کی تاریخ میں دیکھا گیا ہے۔ ولی امر مسلمین نے کہا کہ اداروں کی استقامت اور ثابت قدمی جو شہداء کے ماتحت تھے۔ انہوں نے اس بڑے نقصان کے باوجود کام کو جاری رکھا اور دشمن کو موقع نہ دیا کہ وہ ان کے عزم میں خلل ڈال سکے۔


































