
تہران :نو منتخب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ہمارے پاس رہبر معظم کی اصولی حکمت عملی موجود ہے، انتخابی مہم اور مباحثوں کے دوران واضح کیا تھا کہ یہ حکمت عملی ہمارا ہدف مشخص کرتی ہے۔ رہبر معظم کی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لئے باہمی اختلافات ختم کرنا ہوں گے۔ ہم نے کابینہ کے افراد کو منتخب کرنے کے لئے تمام جماعتوں اور دھڑوں کو مطلع کردیا ہے تاکہ باہمی اتفاق سے ایک متفقہ کابینہ تشکیل پائے۔ انہوں نے کہا کہ جلد از جلد کابینہ تشکیل دینے کی کوشش کی جائے گی اس سلسلے میں رہبر معظم کی خدمت میں جائیں گے تاکہ کابینہ کے لئے نامزد ہونے والے افراد پر زیادہ سے زیادہ اتفاق رائے قائم ہوجائے۔


































