
پشاور: جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں چھ فوجی شہید ہوگئے۔افغان سرحد پر واقع جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزہ میں آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا۔ دہشتگردوں کی فائرنگ سے چھ فوجی مارے گئے۔ جوابی کارروائی میں چار دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہےکہ سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتا لگایا اور کارروائی کی۔ آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔


































