
جدہ : عرب لیگ اور عرب ممالک نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے بیانات کو عرب ریاستوں کی خود مختاری کی خلاف ورزی اور خطے میں سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش قرار دیا ہے۔ عرب لیگ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں نیتن یاہو کے گریٹر اسرائیل کے نام نہاد وژن کو قائم کرنے کے لیے خودمختار عرب ریاستوں کے بعض علاقوں پر قبضے کے بیانات کی مذمت کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیاہے کہ اسرائیلی بیانات اجتماعی عرب قومی سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ اور بین الاقوامی قانون کے لیے سنگین چیلنج ہیں۔ بیان میں کہا گیاہےکہ یہ ریمارکس توسیع پسندانہ اور جارحانہ عزائم کی عکاسی کرتے ہیں جنہیں قبول یا برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
سعودی وزارت خارجہ نے الگ بیان میں بین الاقوامی برادری کو اسرائیل کی مسلسل کھلی خلاف ورزیوں سے خبردار کیا اور کہا کہ یہ خلاف ورزیاں علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیں گی ۔ قطر کی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ ریمارکس اسرائیل کے طرز عمل کی عکاسی کرتے ہیں۔
اردن کی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ ریمارکس خطرناک، اشتعال انگیز اور ریاستوں کی خودمختاری کے لیے خطرہ ہیں۔


































