
نیویارک: امریکا کی جانب سے قرارداد ویٹو کرنے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا جارہا ہے۔ اور مختلف ممالک نے کہا ہے کہ اس سے غزہ والوں کے مصائب میں اضافہ ہوگا۔ سلامتی کونسل میں متحدہ عرب امارات کے نمائندے نے کہا کہ امارات کو شدید مایوسی ہوئی ہے۔ افسوس ہے سلامتی کونسل انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کرنے سے قاصر رہی۔
فلسطینی نمائندے نے کہا کہ قرارداد کی ناکامی افسوناک ہے۔ یہ سلامتی کونسل کے لیے ایک ہولناک دن ہے۔ سلامتی کونسل اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام رہی ہے۔
امریکی سفیر رابرٹ وڈ نے کہا کہ یہ قرارداد حقیقت سے دور تھی اور اس سے زمین پر کوئی پیش رفت نہیں ہو سکتی تھی۔ غیر مشروط فائر بندی حماس کو سات اکتوبر جیسی کارروائیوں کے قابل بنا دے گی۔ جبکہ اسرائیل نے امریکی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام یرغمالیوں کی رہائی اور حماس کی شکست تک جنگ بندی نہیں ہوگی۔


































