
واشنگٹن : امریکا نے ایک بار پھر پاکستان سے تمام شدت پسند گروپوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا، امریکی نائب وزیرخارجہ وینڈی شرمین نے دورہ اسلام آباد سے پہلے پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی کے امور میں مضبوط شراکت داری کی خواہش کا اظہار کیا لیکن ساتھ ساتھ تمام شدت پسند گروپوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی دہرادیا، سوئٹزر لینڈ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وینڈی شرمین نے کہا کہ پاکستان اور امریکا دونوں ممالک دہشت گردی کی لعنت سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور ہم تمام علاقائی اور عالمی دہشت گردی کے خطرات کے خاتمے کے لیے باہمی تعاون کی کوششوں کے منتظر ہیں، وینڈی شرمین نے کہا کہ امریکا توقع کرتا ہے کہ تمام عسکریت پسندوں اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی، وہ 7 سے 8 اکتوبر کے دورے کے دوران پاکستانی حکام سے ملاقات کریں گی۔


































