
رام اللہ : امریکی حکام نے فلسطینی انتظامیہ پر غزہ کا کنٹرول سنبھالنے کیلئے دباؤ بڑھادیا۔ فلسطینی انتظامیہ اور صیہونی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو فلسطینی اتھارٹی کے غزہ میں اقتدار سنبھالنے کو مسترد کرچکے ہیں اس کے باوجود امریکی انتظامیہ اب بھی اس آپشن پر غور کر رہی ہے۔ امریکی ویب سائٹ ’’ ایکسیس‘‘ کی رپورٹ کے مطابق امریکہ اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان بات چیت میں غزہ کا مستقبل سرفہرست رہا۔ امریکہ نے فلسطینی اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سیکیورٹی فورسز کو دوبارہ فعال کرے تاکہ وہ جنگ کے بعد غزہ کی پٹی میں موجود ہوں۔ امریکہ نے فلسطینی اتھارٹی سے اصلاحات لانے اور اپنی تنظیم میں نوجوانوں کو آگے لانے کا بھی کہا۔ واشنگٹن نے محمود عباس سے مطالبہ کیا کہ وہ نوجوانوں کو فیصلہ سازی کے عہدوں پر تعینات کریں جو مغربی کنارے اور غزہ میں فلسطینیوں کے درمیان اپنی ساکھ بنائیں اور فلسطینیوں کے لیے بین الاقوامی برادری کے احترام کا بھی خیال رکھیں۔


































