
میامی : امریکہ، مصر، قطر اور ترکیہ نے غزہ جنگ بندی کے فریقین سے معاہدے پر مکمل عملدرآمد اور تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔
امریکہ، مصر، قطر اور ترکیہ کے اعلیٰ حکام نے امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف سے امریکا کے شہر میامی میں ملاقات کی۔ مشترکہ بیان کے مطابق اجلاس میں اسرائیل اور حماس کے درمیان دس اکتوبر سے نافذ جنگ بندی کے پہلے مرحلے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں جنگ بندی کے دوسرے مرحلے میں عبوری انتظامیہ کے جلد قیام اور آئندہ ہفتوں میں مزید مشاورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اسٹیو وٹکوف نے کہا کہ چاروں ممالک صدر ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے سے مکمل وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں۔ بیان میں فریقین سے ذمہ داریاں نبھانے، تحمل کا مظاہرہ کرنے اور نگرانی کے طریقہ کار سے تعاون کی اپیل کی گئی۔
ادھر حماس کے چیف مذاکرات کار خلیل الحیہ اور ترک انٹیلی جنس کے سربراہ ابراہیم کالن کے درمیان استنبول میں ملاقات ہوئی۔ حماس کے وفد نے اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔۔


































