
برسلز : دنیا کی ترقی یافتہ معیشتوں والے ممالک کے گروپ جی سیون اور یورپی یونین نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی بلارکاوٹ ترسیل پر زور دیا ہے۔
نیویارک میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پرکینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، برطانیہ اور امریکہ کے وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں یہ مؤقف اپنایا گیا کہ غزہ میں انسانی بحران کو کم کرنے کے لیے فوری جنگ بندی ضروری ہے۔ وزرائے خارجہ نے کہا کہ شہریوں کی مشکلات کے خاتمے کے لیے امدادی سامان کی بڑے پیمانے پر فراہمی اور تمام یرغمالیوں کی رہائی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ اجلاس میں یہ بھی اعلان کیا گیا کہ جی سیون ممالک عرب ریاستوں کے ساتھ مل کر غزہ کی تعمیر نو اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تعاون کرنے کو تیار ہیں۔ جی 7 کا کہنا تھا کہ حماس کا غزہ کے مستقبل میں کوئی کردار نہیں ہو سکتا اور وہ دوبارہ کبھی اسرائیل کیلیے خطرہ نہیں بننا چاہیے۔


































