
نیویارک : اقوام متحدہ نے تباہ کن سیلابوں کا سامنا کرنے والے پاکستان کے لیے 16کروڑ ڈالر کی فوری فراہمی کی اپیل کی ہے۔اقوام متحدہ نے منگل کو اپنی ایک اپیل میں کہا کہ پاکستان میں سیلابوں سے ہونے والی تباہی کے باعث مادی نقصانات کی مالیت کا ابتدائی تخمینہ کم از کم بھی 10 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ اس عالمی ادارے کے مطابق بین الاقوامی برادری کا فرض ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں پیدا شدہ حالات میں غیر معمولی حد تک تباہی کا سامنا کرنے والے پاکستان کی کھل کر مدد کی جائے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد اور جنیوا سے اس اپیل کا بیک وقت اجرا کرتے ہوئے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا، پاکستان کو اس وقت شدید مصائب اور بے شمار مشکلات درپیش ہیں۔ پاکستانی عوام کو کئی ہفتوں تک مون سون کی مسلسل بارشوں کے نتیجے میں وسیع تر سیلابوں اور تباہی کا سامنا ہے۔انتونیو گوتریس نے کہا کہ اس جنوبی ایشیائی ملک میں کئی ملین شہریوں کے گھر تباہ ہو چکے ہیں اور اسکولوں اور صحت عامہ کے مراکز کی تباہی کے علاوہ کروڑوں لوگ اپنے روزگار سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔اس کے علاوہ ہزار ہا عمارات بھی تباہ ہو گئی ہیں اور سینکڑوں پل بھی سیلابی ریلوں میں بہہ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تکلیف دہ حالات میں پاکستان اور پاکستانی عوام کو عالمی برادری کی اجتماعی، ترجیحی اور فوری مدد کی ضرورت ہے۔


































