
برسلز : یورپی یونین نے یوکرین کو بلاک میں شامل ہونے کے لیے امیدوار کی حیثیت دیدی۔ جس کو کیئف اور برسلز نے یوکرین کی فتح اور تاریخی لمحہ قرار دیا ہے جبکہ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ آج یوکرین کو فتح اور روس کو شکست ہو گئی ہے۔ یوکرین کا مستقبل یورپی یونین کے ساتھ ہے۔یوکرینی حکومت کے مشیر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ یورپی یونین میں شمولیت کے راستے پر گامزن ہونے سے جنگ زدہ ملک کا حوصلہ بڑھے گا۔ روس کے یوکرین پر حملے کے چند روز بعد یوکرینی حکام نے یورپی یونین کے حکام کو شمولیت کے لیے درخواست دی تھی، جس کا جائزہ لینے کے لیے کئی اجلاس منعقد ہوئے اور رکن ممالک سے رائے لی گئی۔ اس حوالے سے اجلاس کا آخری سیشن برسلز میں ہوا اور یوکرین کو امیدوار کی حیثیت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ فیصلہ روس کی برہمی میں یقیناً اضافہ کرے گا۔


































