
تیونس: تیونس میں قید وکلا اور سیاست دانوں کے اہلخانہ نے بین الاقوامی فوجداری عدالت سے سیاسی ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق تیونس کے صدر قیس سعید کے مخالفین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو گرفتار کر کے جیلوں میں بھیجا جا رہا ہے اور کئی ایک جیل میں بھوک ہڑتال کر رہے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر راشد الغنوشی کی بیٹی یسریٰ غنوشی نے ایک بیان میں کہاکہ صدر قیس سعید کے حکم پر تیونس کے حکام کی طرف سے جبر اور بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے جیل میں بند دیگر مخالفین کے بیٹوں اور بیٹیوں کے ساتھ مل کر ایک گروپ کے ساتھ دی ہیگ کی عدالت میں کارروائی کرنے کا عندیہ دیا۔ دی ہیگ میں کارروائی کے منصوبے کا اعلان ممکنہ طور پر تیونس میں بڑھتے ہوئے جابرانہ سیاسی منظر نامے کی طرف توجہ مبذول کرائے گا۔


































