
دی ہیگ : اقوام متحدہ کے تحقیقاتی کمیشن کی سربراہ ناوی پلّے نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی غزہ پلان کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔ ایک انٹرویو میں ناوی پِلّے نے واضح کیا کہ جنگ بندی کی کسی بھی تجویز سے اسرائیل پر نسل کشی کے الزامات ختم نہیں ہوتے۔ اقوام متحدہ کے تحقیقاتی کمیشن کا یہ مؤقف اب بھی برقرار ہے کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے۔ انہوں نےکہا کہ ٹرمپ کا منصوبہ بین الاقوامی عدالتِ انصاف کے اس فیصلے کی بھی خلاف ورزی ہے جس میں اسرائیل کے قبضے کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ فلسطینیوں کو فیصلہ سازی سے الگ رکھتا ہے اور اسرائیل کو غزہ پر سکیورٹی کنٹرول برقرار رکھنے کی اجازت دیتا ہے، جو بالآخر فلسطینی خودمختاری کو محدود کرتا ہے.


































