
واشنگٹن : امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا غزہ کیلئے چھ کروڑ ڈالر امداد دینے کا دعویٰ جھوٹا قرار دے دیا ۔ اخبار نے رپورٹ دی کہ اب تک ٹرمپ انتظامیہ نے امداد کی مد میں صرف تیس لاکھ ڈالر فراہم کئے ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ نے محکمہ خارجہ کے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہاہےکہ متنازعہ امدادی گروپ غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن جی ایچ ایف کیلئے تین کروڑ ڈالر مختص کئے گئے تھے جس میں سے صرف تیس لاکھ ڈالر جاری کئے گئے ہیں۔ اخبار نے کانگریس کی کمیٹیوں میں امریکی ایلچی اسٹیو وٹ کوف کے معاونین کی اندرونی بریفنگ کے بارے میں ایک رپورٹ کا بھی حوالہ دیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے امریکا سے تین کروڑ ڈالر کی رقم ملنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے غزہ کیلئے چھ کروڑ ڈالر دئے لیکن کسی نے شکریہ بھی ادا نہیں کیا۔ ناقدین نے غزہ میں جی ایچ ایف کی امدادی مراکز کو موت کے جال کے طور پر بیان کیا ہے، اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق مئی کے آخر سے اسرائیلی فورسز نے 1,300 سے زیادہ فلسطینیوں کو ہلاک کیا ہے جو خوراک کی تلاش میں ہیں۔


































